Breaking news

معاشی بحران کا بنیادی سبب ن لیگ کی کسان دشمن پالیسی ہے: مونس الٰہی

لاہور(ڈیلی جلا وطن ڈاٹ کام) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ کی کسان دشمن پالیسی اور کسانو ں کے مسائل سے سنگین غفلت پاکستان کے موجودہ خطرناک معاشی بحران کی بنیادی وجہ ہے، زراعت جیسے اہم ترین معاشی شعبہ کو میٹرو بس اور اورنج لائن سیاست کی بھینٹ چڑھادیا گیا ہے، مودی نواز گٹھ جوڑپاکستان کی موجودہ اور مستقبل کی آبی اور غذائی سکیورٹی کیلئے شدید خطرہ ہے۔ ان خد شات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی نے آج لاہور میں منعقد ایک پارٹی میٹنگ میں کیا۔ مونس الٰہی نے حال ہی میں جاری کردہ ایک بین الاقوامی ادارہ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان 2017ء میں دنیا کے 119 ممالک میں خوراک کی کمی کے اعتبار سے 106 ویں نمبر پر آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود خوراک کی کم ترین سطح پر ن لیگ کی میٹرو بس اور اورنج لائن کو زراعت پر ترجیح دینے کی سیاست کی وجہ سے پہنچا ہے۔ مرکزی مسلم لیگی رہنما نے ن لیگ کے ناکام کسان پیکیج کو بھی ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ یہ نام نہاد پیکیج بھی حکمرانوں کی شوبازی تھی۔ موجودہ معاشی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے مونس الٰہی نے کہا روپے کی حالیہ شدید ناقدری، کثیر تجارتی و مالی خسارہ اور آسمان سے باتیں کرتی مہنگائی اور بے روزگاری ن لیگ کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ مونس الٰہی نے مودی، نواز تعلقات کو پاکستان کے کسان کے خلاف ایک سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے بھارت کی آبی دہشت گردی کے خلاف آج تک کوئی ذمہ دارانہ بیان نہیں دیااور اس کی پالیسیوں سے بھارت کے کسان کو فائدہ اور پاکستان کے کسان کو شدیدنقصان اٹھا نا پڑ رہا ہے۔

About dailyjilawatan

© Copyright 2017, All Rights Reserved Dailyjilawatan Cheif Editor Muhammad Bilal Ahmed +92332-4965098 | Designed by Waqas 0334-4616233